1 جون 2011
وقت اشاعت: 18:54
کراچی:کالعدم تحریک طالبان قاری حسین گروپ کے چھ ملزمان گرفتار
اے آر وائی - کراچی : کراچی میں سی آئی ڈی پولیس نے نشانہ وارقتل، اغوابرائے تاوان، پولیس مقابلےاورڈکیتی کی سنگین وارداتوں میں مطلوب کالعدم تحریک طالبان پاکستان قاری حسین محسود گروپ سے تعلق رکھنےوالے چھ ارکان کو گرفتار کرکےبڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیاہے۔
کارروائی سی آئی ڈی کے ایس ایس پی فیاض خان کی سربراہی میں خفیہ اطلاع پرمنگھو پیر کے علاقے میں کی۔ گرفتار ملزمان میں سید علی شاہ، ممتازاحمد، حاجی سعید محمود، عبدالخالق طوخی، گل زمان اورمحمد سلیم شامل ہیں۔
ملزمان کے قبضے سے چھ ٹی ٹی پستول، بائیس گولیاں اور پانچ کلو چرس بھی برآمد کرلی گئی ہےپولیس کے مطابق ملزمان نے انکشاف کیا ہے کہ وہ وزیرستان میں فوج اور حساس اداروں کےخلاف حملوں میں شامل رہے ہیں۔
ملزمان کراچی میں ڈکیتی، اغوابرائے تاوان اور بھتہ خوری سے حاصل ہونے والی رقم قاری حسین محسود کوبھجواتے تھے ملزمان نےیہ بھی انکشاف کیا کہ وہ اپنے گروہ کے ساتھ ملکر کراچی میں بم دھماکوں کی منصوبہ بندی کررہے تھےاور وانا وزیرستان میں دہشتگرد گروپوں سے رابطے میں رہتے تھے۔