1 جون 2011
وقت اشاعت: 18:55
کوئٹہ: ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال، استعفے کی دھمکی
اے آر وائی - کوئٹہ: کوئٹہ میں ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال جاری ہے مریضوں کی مشکلات کے باوجود ینگ ڈاکٹرز نے ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ کسی ایک ڈاکٹرکی برطرفی کی صورت میں تمام ڈاکٹرز مستعفی ہوجائیں گے۔
سول اسپتال، بولان میڈیکل کمپلیکس اسپتال، فاطمہ جناح اسپتال اور بےنظیربھٹو شہید اسپتال سمیت شہر کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں او پی ڈیز اور جنرل آپریشن تھیٹرز بند ہونے کی وجہ سے ہزاروں مریضوں کو واپس لوٹنا پڑرہا ہے۔ صوبائی حکومت کی جانب سے ینگ ڈاکٹرز کو ڈیوٹی پر حاضر ہونے کے لئے دی گئی چوبیس گھنٹے کی ڈیڈ لائن پوری ہونے کے بعد ینگ ڈاکٹر ز نے کوئٹہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ کسی ایک کی برطرفی کی صورت میں تمام ڈاکٹرز مستعفی ہوجائیں گے۔
ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان کے صدر ڈاکٹر عبدالصمد پانیزئی نے یہ دعوی بھی کیا کہ صوبے بھر کے سرکاری اسپتال بند کردیئے گئے ہیں اور مطالبات تسلیم ہونے تک احتجاج جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت پڑی تو گورنر اور وزیر اعلی ہاؤسز کا گھیراؤ بھی کیا جائے گا۔