11 مارچ 2014
وقت اشاعت: 7:6
آج مسلم ثقافت کا عالمی دن منایا جارہا ہے
جیو نیوز - کراچی… آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسلم ثقافت ، امن، ڈائیلاگ اور فلم کا عالمی دن منایا جا رہا ہے ۔ اس دن کو منانے کا مقصدثقافت، آرٹ ، فلم کے ذریعے عالم اسلام اور اغیار میں مکالمے اور افہام و تفہیم کا ایک ایسا رابطہ پل بنانا ہے کہ جس کے ذریعے دنیا میں قائم امن ممکن ہو سکے جس کی ابتدا 2010 سے ہوئی۔اس دن کے منانے کی ضرورت نائن الیون کے واقعہ کے بعد مسلم دنیا اور اغیار میں پیدا ہونے والی غلط فہمیوں کو دور کرنا ہے۔ نائن الیون کے بعد سے نہ صرف امریکا بلکہ یورپ اور دنیا کے دیگر ممالک میں مسلمانوں کو مشکوک نظروں سے دیکھا جاتا ہے اور غیر ممالک میں بسنے والے کروڑوں مسلمانوں کو اسی بنیاد پر طنز و تضحیک کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ایسی صورتحال میں ضرورت اس امر کی ہے کہ فنون لطیفہ کے ذریعے دنیا میں بسنے والی تمام قوموں کے درمیان ایک ایسی ہم آہنگی پیدا کی جائے کہ جس کے ذریعے دنیامیں امن ممکن ہو سکے۔ ادب ، موسیقی، ڈرامہ، رقص، فلم ، ڈرائنگ، پینٹنگ، فن تعمیر، ڈیزائن اور دستکاری جیسی چیزوں اور موضوعات کو اجاگر کیا جائے جو تمام عالم میں مشترکہ ہیں اور جن کے ذریعے لوگوں کو ایک دوسرے کے قریب لایا جا سکے۔