20 مارچ 2014
وقت اشاعت: 8:54
افغانستان میں خود کش حملے میں ہلاکتوں کی تعداد 20ہو گئی
جیو نیوز - جلال آباد…افغانستان میں خود کش حملے میں جلال آباد پولیس کے سربراہ سمیت 20 اہل کار ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔تاہم سرکاری طور پر پولیس چیف سمیت پانچ اہل کاروں کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔افغانستان کا شہر جلال آباد صبح سویرے فائرنگ اور دھماکوں سے گونج اٹھا۔افغان وزارت داخلہ کے مطابق 6 خودکش بمباروں نے جلال آباد پولیس کمپاوٴنڈ پرحملہ کیا۔دھماکوں اور فائرنگ کی آوازیں دور تک سنی گئیں۔حملے کے بعد جلال آباد کے تمام اہم سرکاری دفاتر بند اور اہم مقامات پر اضافی نفری تعینات کردی گئی۔افغان وزارت داخلہ نے حملے میں جلال آباد کے پولیس چیف سمیت پانچ پولیس اہلکاروں اور پانچ حملہ آوروں کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی ہے ، دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ حملے میں 20 پولیس اہل کار ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ جبکہ 7 حملہ آور بھی مارے گئے۔ حملے کی ذمہ داری افغان طالبان نے قبول کرلی ہے۔