تازہ ترین سرخیاں
 عالمی خبریں 
5 اپریل 2014
وقت اشاعت: 20:1

افغان صدارتی انتخاب:ووٹوں کی گنتی جاری،نتائج کا اعلان24اپریل کوہوگا

جیو نیوز - کابل…افغان صدارتی انتخابات کون جیتے گا ۔ ووٹوں کی گنتی جاری ہے، نتائج کا اعلان 24اپریل کو کیا جائے گا۔افغانستان کے نئے صدارتی انتخانات کے لیے افغان عوام نے بڑی تعداد میں حق رائے دہی استعمال کیا،خوف اور لالچ بھی ووٹرز کو پولنگ سے دور نہ رکھ پائے۔افغان الیکشن کمیشن نے دعویٰ کیا ہے کہ ٹرن آوٴٹ تقریباً 60 فیصد رہا،35فی صد خواتین نے بھی پولنگ میں حصہ لیا۔ نہ موسلا دھار بارش کی فکر ،نہ دھمکیوں کا خوف،صدارتی انتخابات میں افغان شہریوں نے تمام خدشات غلط ثابت کردیے،صبح سات بجے کابل کے شہری باہر نکلے تو آسمان بادلوں سے اور سڑکیں سیکیورٹی اہل کاروں سے بھری تھیں۔ ابتدا سے ہی دارالحکومت سمیت ملک کے مختلف شہروں میں تبدیلی،ترقی اور امن کی امید لیے ووٹرز کی طویل قطاروں نے دیکھنے والوں کو حیرت زدہ کردیا جو سمجھ رہے تھے کہ شاید سنگینوں کی نوک کا خوف شہریوں کو گھروں میں بٹھادے۔بندو ق کا زور نہ چلا تو طالبان نے لالچ کا سہارا لیا، پانچ ڈالر لے لو لیکن باہر نہ نکلنا،لیکن شہریوں نے ہر دھونس،دھمکی اور لالچ کو مسترد کردیا،مردوں کے شانہ بشانہ خواتین نے بھی بڑی تعداد میں حق رائے دہی استعمال کیا،کئی پولنگ اسٹیشنز پر بیلٹ پیپرز بھی کم پڑگئے۔صدارتی انتخابات میں 8امیدوار حصہ لے رہے، لیکن کہا جارہا ہے کہ اشرف غنی احمد زئی، زلمے رسول اور عبداللہ عبداللہ کے درمیان مقابلہ کانٹے کا ہے،پولنگ کا وقت شام چار بجے تک تھا،لیکن بھاری ٹرن آوٴٹ کو دیکھتے ہوئے اس میں ایک گھنٹے کا اضافہ کردیا گیا۔اب ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ پرامن انداز میں انتقال اقتدار کا مرحلہ طے کیا جارہا ہے،امید یہی ہے کہ بلٹ کے بجائے بیلٹ کا استعمال شاید پر امن مستقبل کی نوید لے کر آئے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.