7 اپریل 2014
وقت اشاعت: 7:12
راہول گاندھی کا ہوگا بول بالا، کیجریوال کی جے ہوگی یا بنے گی مودی سرکار
جیو نیوز - نئی دہلی…بھارت میں لوک سبھا کے 16ویں انتخابات کے پہلے مرحلے میں ووٹنگ جاری ہے ، جو کسی وقفہ کے بغیر پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 4 بجے تک جاری رہے گی۔انتخابات کے پہلے مرحلے میں ووٹنگ کا آغاز پاکستانی وقت کے مطابق صبح سارھے 6 بجے ہوا۔بڑی تعداد میں ووٹر پولنگ اسٹیشنوں پر قطاریں لگائے ہوئے ہیں۔نو مرحلوں میں ہونے والے انتخابات کے پہلے مرحلے میں شمال مشرقی ریاستوں آسام اور تریپورا کے 6 حلقوں میں پولنگ ہورہی ہے جہاں 8 ہزار 588 پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں۔اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔آسام کے14 میں سے 5 حلقوں تیز پور، کیلیابور، جورہٹ، دیبور گڑھ اور لکھیم پورمیں اور تریپورامیں مغربی تریپورا کے حلقے میں ووٹ ڈالے جارہے ہیں۔انتخابات میں 10 سیاسی جماعتوں کے64 امیدوار میدان مقابلہ پر ہیں۔جن میں آزادامیدوار وں کے علاوہ کانگریس، آسام گانا پری شاد ، عام آدمی پارٹی اور کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا ،مارکسٹ کے درمیان مقابلہ ہے۔امیدواروں میں 91 فیصد مرد اور 9فیصد خواتین ہیں۔55فیصد امیدواروں کی عمریں 25 سے 50 سال کے درمیان ہیں جبکہ 3فیصد کی عمریں تو 70 سے بھی زیادہ ہیں۔12 مئی کو پولنگ کا آخری مرحلہ ہوگا اور نتائج کا اعلان 16 مئی کو کیاجائیگا۔