23 اپریل 2014
وقت اشاعت: 13:52
بھارت میں لوک سبھا کے انتخابات کا چھٹامرحلہ کل شروع ہوگا
جیو نیوز - نئی دہلی…بھارت میں لوک سبھا کے انتخابات کا چھٹامرحلہ کل شروع ہوگا۔ نئے مرحلہ سے قبل سیاسی رہنماوں نے مخالفین پر الفاظ کے تیر برسانے شروع کردیئے ہیں ۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما اور وزارت عظمیٰ کے مضبوط امیدوار نریندر مودی نے حیدر آباد دکن میں انتخابی جلسے میں کہا کہ کانگریس نے کمپیوٹر وائرس کی طرح بھارتی سسٹم کو تباہ کردیا ہے،نریندر مودی نے تمام جماعتوں کے کرپٹ لوگوں کو سزادینے اور ان کے لیے اسپیشل کورٹ قائم کرنے کاوعدہ کیا۔دوسری جانب چھتیس گڑھ میں انتخابی ریلی سے خطاب میں کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے کہا کہ مودی کی تمام تقریروں میں سارا زور اْن کی اپنی ذات پر ہوتا ہے، وہ مل کر کام کرنے پر یقین نہیں رکھتے۔آندھراپردیش کے علاقے محبوب نگرمیں خطاب کرتے ہوئے راہول گاندھی کاکہناتھا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی ہندو مسلم تناؤ پیدا کررہی ہے۔ادھر پنجاب کے شہر لدھیانہ میں الیکشن کمیشن کی جانب سے وینٹج کارریلی کا اہتمام کیاگیا، ریلی کا مقصد عوام میں ووٹ ڈالنے کاشعور اجاگر کرنا تھا۔24 اپریل کو ہونے والے انتخابات کے چھٹے مرحلے میں11 ریاستوں کی117 نشستوں کیلئے ووٹ ڈالے جائیں گے، اس مرحلے میں ایک کروڑ 18 لاکھ افراد ووٹ ڈالنے کے اہل ہیں۔