6 مئی 2014
وقت اشاعت: 19:40
سعودی عرب میں ایک پاکستانی سمیت 62دہشت گردوں کا گروہ گرفتار
جیو نیوز - ریاض…سعودی عرب نے سرکاری وغیر ملکی تنصیبات پر حملوں اور اہم شخصیات کو قتل کرنے کا منصوبہ ناکام بنادیا۔ اس الزام میں ایک پاکستانی سمیت 62 انتہاپسندوں پر مشتمل دہشت گرد گروہ کو گرفتار کرلیا گیا۔ سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے گرفتار دہشت گردوں میں پاکستانی، یمنی، فلسطینی شہری سمیت 59سعودی بھی شامل ہیں، جنہوں نے اہم سرکاری وغیر ملکی تنصیبات پر حملوں سمیت اہم شخصیات کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی کر رکھی تھی، جبکہ سعودی سیکیورٹی ادارے اس گروہ میں شامل مزید 44ارکان کو تلاش کررہی ہے۔ وزارت داخلہ کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے کئی ماہ پر مشتمل کارروائیوں کے دوران دھماکا خیز مواد بنانے کی فیکٹریاں اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے دھماکے کرنے، ٹیلی فون نیٹ ورک کو جام کرنے اور سننے کے آلات اور خطیر رقم بھی ضبط کرلی ہے۔