7 مئی 2014
وقت اشاعت: 10:12
بھارتی انتخابات کا آٹھوں مرحلہ ، 7 ریاستوں کے64 حلقوں میں پولنگ
جیو نیوز - نئی دہلی …بھارت میں پارلیمانی انتخابات کا آٹھوں مرحلہ شروع ہوگیا ، ملک بھر کی 7 ریاستوں کے 64 حلقوں میں پولنگ جاری ہے۔ بھارت میں پارلیمانی انتخابات کے آٹھویں مرحلے میں آج ایک ہزار737 امیدوار آمنے سامنے ہیں جن کی قسمت کا فیصلہ18 کروڑ37 لاکھ ووٹرزکریں گے۔ سب سے دلچسپ مقابلہ امیٹھی میں ہوگا، جہاں گزشتہ 10برس سے حکومت کرنے والے کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی کے مدمقابل بی جی پی کی امیدوار اور اداکارہ سمرتی ایرانی اور عام آدمی پارٹی کے کمار وشواس ہوں گے۔بی جے پی کے صدر اور وزیراعظم کے امیدوار نریندر مودی کا کہنا ہے کہ اب ماں بیٹے کی حکومت کا وقت ختم ہورہا ہے، لگاتار دس برس تک انہوں نے امیٹھی کی ترقی کو مسلسل نظرانداز کیے رکھا۔آج جن 7 ریاستوں میں انتخابی میدان سجا ہے ان میں اتر اکھنڈ، ہماچل پردیش، بہار، اترپردیش، آندھراپردیش ، مغربی بنگال اور جموں و کشمیر شامل ہیں۔اہم امیدواروں میں راہول گاندھی کے رشتے دار ورون گاندھی، کرکٹر محمد کیف اور رابڑی دیوی بھی اپنی قسمت آزما رہے ہیں۔پولنگ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے چار بجے تک جاری رہے گی جبکہ آج کی پولنگ کے بعد نویں اور آخری مرحلے میں 12 مئی کو ووٹنگ ہوگی اور 16 مئی کو نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔