11 مئی 2014
وقت اشاعت: 14:52
جاپان انٹرنیشنل پریس کلب میں اجلاس، حامد میر کی جلد صحتیابی کیلئے دعا
جیو نیوز - ٹوکیو…عرفان صدیقی …جاپان انٹرنیشنل پریس کلب کی جانب سینئر صحافی حامد میر پر حملے کے خلاف ٹوکیو میں احتجاجی اجلاس منعقد کیا گیا جس میں پاکستان اور جاپان سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کے علاوہ معروف سماجی وسیاسی شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر جاپان انٹرنیشنل پریس کلب کے صدر چوہدری شاہد رضا نے اپنے خطاب میں کہا کہ حامد میر کی پاکستانی صحافت میں انتہائی اہم خدمات ہیں اور وہ صحافت میں اپنی سچائی اور حق گوئی کے حوالے سے معروف ہیں، ان پر حملہ حق اور سچ کی آواز کو دبانے کے مترادف ہے، جس کی جاپان انٹرنیشنل پریس کلب انتہائی مذمت کرتا ہے اور حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتا ہے کہ پاکستان میں صحافیوں کے سکیورٹی کے لئے سخت ترین انتظامات کرے جبکہ حامد میر پر قاتلانہ حملہ کرنے والوں کو گرفتار کرکے سخت کاروائی کرے۔ اس موقع پر معروف دانشور و صحافی اور کالم نگار حسین خان نے کہا کہ حامد میر پر حملے کی تحقیقات ہونی چاہئے اور جو لوگ اس میں ملوث ہیں ان کو بے نقاب کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی اطلاعات بھی ہیں کہ بعض طاقتیں جیو کو بند کرنے کی سازش میں مصروف ہیں، جن کی سختی سے مذمت کی جانی چاہئے۔ اس موقع پر معروف کالم نگار، اسکالر اور دینی شخصیت عبدالرحمان صدیقی نے کہا کہ اس وقت پوری دنیا میں مقیم پاکستانی حامد میر پر حملے کی مذمت کررہے ہیں اور دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ حامد میر کو جلد سے جلد صحت یاب کرے۔ انہوں نے کہا کہ جیو پر پابندی کی سازش کو کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اس موقع پر سینئر پاکستانی اورمعروف سماجی و سیاسی شخصیت شیخ ذوالفقار نے کہا کہ حامد میر ایک محب وطن، بے باک اور حق گوصحافی ہیں جن پر قاتلانہ حملے سے پوری دنیا میں مقیم پاکستانیوں کو تکلیف پہنچی ہے، حکومت کو حامد میر سمیت تمام صحافیوں کی حفاظت کا بندوبست کرنا چاہئے اور جیو نیوز پر کسی بھی طرح کی پابندی سے گریز کیا جانا چاہئے۔ تقریب میں حامد میر کی صحت یابی اور جیو نیوز کی کامیابی کے لئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔