18 جون 2011
وقت اشاعت: 7:32
سائیں بابا کے کمرے سے 98 کلو سونا اور کروڑ وں کی نقدی برآمد
نئی دہلی : بھارت کے روحانی پیشوا ستیا سائیں بابا نے پسماندگان کیلئے 98 کلوگرام سونا اور 11کروڑ 56لاکھ روپے چھوڑے ہیں۔ یہ رقم اور سونا ان کے زیراستعمال رہنے والے کمرے سے برآمد ہوئے جو ان کی موت کے ایک ماہ بعد کھولا گیا۔
سائیں بابا بھارت کی متنازع شخصیت ہونے کے باوجود ان افراد میں شامل ہیں جو زندگی میں تو لاکھوں افراد کے لئے دلکشی کا باعث بنتے ہی ہیں مرنے کے بعد بھی وہ انگنت لوگوں کے لئے دلچسپ بن جاتے ہیں۔
ستیاسائیں بابا زندگی بھر اپنی روحانیت ،متنازع بیانات اور کاموں کے سبب دنیا بھر میں مشہور رہے یہاں تک کہ مرنے کے بعدبھی و ہ اپنے کروڑوں کے اثاثوں کے سبب خبروں میں ہیں ۔ ان کے بارے میں تازہ خبر یہ ہے کہ انہوں نے اپنے پسماندگان کے لئے 98کلوگرام سونا اور 11کروڑ 56لاکھ روپے چھوڑے ہیں جبکہ سائیں بابا کے اثاثے شمارکرنے میں بیس افراد کو چھتیس گھنٹے لگے۔
سائیں بابا کے دنیا بھر میں لاکھوں عقیدت مندوں ہیں جن میں سابقہ وزرائے اعظم،کاروباری افراد، مشہور ترین کھلاڑی اور شوبز کے لوگ شامل ہیں۔