19 جون 2011
وقت اشاعت: 7:51
لمبی عمرپائیں،گوشت خوری کے بجائے پھل اورسبزی کھائیں
نیویارک : امریکا میں کی جانے والی تحقیق نے یہ ثابت کردیا ہے کہ اگر آپ کو اپنی عمر سے دس سال زیادہ جینے کی خواہش ہے تو گوشت چھوڑ کر پھلوں اور سبزیوں پر انحصار کریں۔
کہا جاتا ہے کہ کچھ لوگ کھانے کے لیے جیتے ہیں اور کچھ جینے کے لیے کھاتے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ کھانے کےلئے جینے والے، یعنی جسمانی ضرورت سے زیادہ کھانے والے، لمبا عرصہ جی نہیں پاتے ،تاہم جو جینے کے لیے کھاتے ہیں، وہ طویل عرصے تک زندہ رہتے ہیں۔
سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ مناسب مقدار میں متوازن خوراک آپ کو طویل عرصے تک جینے میں مدد دیتی ہے۔یونیورسٹی آف میری لینڈ میں کی جانے والی تحقیق کے مطابق مرنے والوں میں سب سے کم شرح پھل سبزیاں اور مچھلی کھانے والوں کی ہے۔ سب سے دلچسپ بات یہ ہے کہ زیادہ ترگوشت کھانے والوں میں ہلاکت کی شرح زیادہ ہوتی ہے۔