30 اگست 2013
وقت اشاعت: 23:17
پنجاب میں ڈینگی مریضوں کی تعداد 54ہوگئی
لاہور… لاہور اور دیگر اضلاع میں ڈینگی مچھر نے پھر سر اٹھا لیا ، لاہورمیں 24 گھنٹوں کے دوران مزید چھ افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، جس کے بعد پنجاب میں ڈینگی مریضوں کی مجموعی تعداد 54 ہوگئی ہے۔محکمہ صحت پنجاب کے ڈینگی پر قابو پانے کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے،ڈینگی کے حوالے سے سیمینار منعقد کرائے اور واکس بھی ہوئیں مگر ڈینگی کا مرض بڑھتا ہی جارہا ہے۔ لاہورکے میواسپتال میں 4 اور نواز شریف اسپتال یکی گیٹ میں ڈینگی کے دو نئے مریض زیر علاج ہیں ، ان میں 40 سالہ ظاہر ، 14 سالہ ام خدیجہ ، 25 سالہ فیضان ، 28 سالہ عظیم،35 سالہ عمران اور 35 گل رحمان شامل ہیں ۔ رواں سال پنجاب میں ابتک پر 54 مریضوں میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے، ان مریضوں کا تعلق لاہور ،شیخوپورہ اور فیصل آباد سے ہے ، دوسری جانب ڈینگی مریضوں کے لیے ڈرپس بھی درآمد نہیں کی جاسکیں جس سے اسپتالوں کی انتظامیہ اورمریض کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔