25 اکتوبر 2013
وقت اشاعت: 13:2
سوات میں ڈھائی ماہ کے دوران ڈینگی کے 8 ہزار مریض، 34 کا انتقال
سوات…ضلع سوات گزشتہ ڈھائی ماہ سے ڈینگی کی وباء پھیلی ہوئی ہے، جس میں اب تک 8 ہزار سے زائد لوگ مبتلا ہوچکے ہیں ، اس عرصہ میں34 افراد ڈینگی بخار سے انتقال کرگئے۔سوات میں آج کل ہرطرف ڈینگی کا خوف اور دہشت ہے،بے قابو ڈینگی نے ڈھائی ماہ کے عرصے میں 8 ہزار سے زائد افراد کو اپنا شکار بنالیا ہے۔ محکمہ صحت نے ضلع ڈینگی بخار میں مبتلا 8 ہزار 697 مریضوں کی تصدیق کردی ہے۔سرکاری اسپتالوں میں مریضوں کے لئے بیڈ بھی کم پڑ گئے ہیں۔ سیدوشریف اسپتال کے چیف ایگز یکٹو ڈاکٹر تاج محمد خان کا کہنا ہے کہ اس وقت اسپتال میں132مریض زیر علاج ہیں۔ جن میں سے3خواتین سمیت16مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ گزشتہ ڈھائی ماہ کے دوران سیدوشریف اسپتال میں4895مریضوں کو داخل کرایا گیاجن میں سے4605مریض صحت یاب ہو کر گھروں کو جاچکے ہیں۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ضلع بھر میں اب تک ڈینگی سے 34 افراد جان بحق ہو ئے ہیں۔اسپتالوں میں بہتر طبی سہولتیں نہ ملنے پر مریضوں کے لواحقین احتجاج بھی کرتے نظر آتے ہیں۔ڈینگی کی روک تھام کے لئے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بھی کوئی موثر اقدامات نہیں کئے گئے، صرف چند علاقوں میں ہی مچھر مار اسپرے کیا گیا ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر اس سال ڈینگی کی روک تھام کیلئے موثر اور ٹھو س اقدامات نہ اٹھائے گئے تو آئندہ سال ڈینگی انتہائی سنگین صورتحال اختیار کر سکتا ہے۔شہریوں کا مطالبہ ہے کہ صوبائی حکومت سوات میں ڈینگی کے بڑھتے ہوئے مرض کو قابو میں کرنے کے لئے مچھر مار اسپرے اور لوگوں میں شعوراجاگر کرنے کے لئے مہم چلائے اور اسپتالوں میں مناسب طبی سہولیات فراہم کرے۔