3 نومبر 2013
وقت اشاعت: 5:25
خشک سردی کی لہر، موسمی بیماریاں پھیلنے لگیں
پشاور… سردی کے ساتھ خشک ہواوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والی موسمی بیماریاں پھیلنا شروع ہو گئیں۔ موسمی بیماریوں سے بچے ہی نہیں، بڑے بھی متاثر ہو رہے ہیں۔ خزاں کا موسم اب سرما ئی رنگ اختیار کرنے لگا ہے۔ موسم کی تبدیلی کے ساتھ کئی بیماریاں بھی جنم لیتی ہیں۔ جن میں نزلہ ،زکام،کھانسی، بخار ،سانس کی تکلیف سمیت دیگر بیماریوں شامل ہیں ان سے چھوٹے بڑے سب ہی متا ثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکتے۔سردی ہو یا گرمی۔اس کا سب سے پہلا اور شدید اثربچوں اور بڑی عمر کے افراد پر پڑتا ہے، قوت مدافعت کم ہونے کی وجہ سے وہ زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔ بڑی عمر کے لوگ عموماً ہڈیوں اور جوڑوں کے درد میں مبتلا ہو جاتے ہیں۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ سردی سے بچاوٴ کے لئے مناسب احتیاط نہ کرنا نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے۔طبی ماہرین کے مطابق ویکسین کی خوراک نہ لینے کی وجہ سے بھی60 فیصد بچے موسمی سمیت مختلف بیماریوں میں مبتلا ہوجاتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق بچوں کو ویکسی نیشن کا کورس مکمل کرانے کے ساتھ متوازن غذا اور پھلوں کے استعمال سے موسمی بیماریوں سے بچایا جا سکتا ہے۔