3 نومبر 2013
وقت اشاعت: 13:12
پنجاب میں انسداد ڈینگی مہم ،ریلیوں اور سمینارز کا انعقاد
فیصل آباد…ڈینگی سے بچاوٴ، احتیاط اور آگاہی کے لئے پنجاب میں آج انسداد ڈینگی مہم چلائی گئی ہے۔ مہم کے تحت ریلیوں اورسیمینارز کا انعقاد کیا کیا گیا۔ فیصل آباد میں ضلعی انتظامیہ اور مختلف محکموں کے زیراہتمام ضلع کونسل ہال میں سیمینار ہوا۔ ضلع کونسل چوک سے چوک کچہری تک واک بھی کی گئی جس میں سرکاری ملازمین، طلبہ اور سول سوسائٹی کے افراد شریک ہوئے۔سرگودھا میں سرکاری ملازمین نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال سے کمپنی باغ تک ریلی نکالی۔ شرکا نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھارکھے تھے جن پر ڈینگی وائرس کے خلاف احتیاطی تدابیر درج تھیں۔رحیم یار خان میں انسداد ڈینگی مہم کے سلسلے میں ڈی سی او آفس سے ٹاوٴن ہال تک ریلی نکالی گئی۔چیچہ وطنی اور منڈی بہاء الدین میں بھی ڈینگی سے متعلق عوام میں شعور اجاگر کرنے کے لئے واک کا اہتمام کیا گیا۔ملتان میں محکمہ زراعت کے دفتر سے ڈیرہ اڈہ چوک تک سرکاری ملازمین نے ڈینگی آگاہی واک کی۔ڈیرہ غازی خان کے ضلع کونسل ہال میں انسداد ڈینگی سیمنار ہوا جس میں طبی ماہرین نے ڈینگی سے بچاوٴ اور احتیاطی تدابیر پر لیکچر دیئے۔بہاول پور میں بھی بہاول وکٹوریہ اسپتال سے فرید گیٹ تک ڈینگی آگاہی واک کی گئی۔