9 نومبر 2013
وقت اشاعت: 6:43
خیبر پختونخوا میں کانگو وائرس متحرک ہوگیا
پشاور…خیبر پختونخوا میں کانگو وائرس متحرک ہو گیا ہے۔ ڈاکٹروں نے اس مرض سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ محکمہٴ صحت کے مطابق کانگو وائرس کے مریض افغانستان سے آرہے ہیں جس کے لیے خیبرٹیچنگ اور حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں الگ وارڈزمختص کیے گئے ہیں تاکہ یہ وائرس ایک سے دوسرے کو منتقل نہ ہو سکیں۔ طبی ماہرین کے مطابق احتیاطی تدابیر سے کانگو کے مرض سے بچا جا سکتا ہے۔ کانگووائرس پالتو جانوروں سے انسانوں میں منتقل ہوتا ہے۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ کانگو سے متاثرہ مریض سے ہاتھ نہیں ملاناچاہئے، مریض کی دیکھ بھال کرتے وقت دستانے پہننا اور مریض کو چھونے کے بعد ہاتھ اچھی طرح دھونا ضروری ہے۔ جانوروں کی نقل وحمل کے وقت بھی حفاظتی لباس پہننا ناگزیر ہے۔ اگر ان تمام احتیاطی تدابیر کو اپنایا جائے تو کانگو جیسے مہلک وائرس سے بچا جا سکتا ہے۔