29 نومبر 2013
وقت اشاعت: 8:23
پنجاب: ڈینگی کے مزید 11 مریض سامنے آ گئے
لاہور…پنجاب میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 11 افراد ڈینگی وائرس میں مبتلا ہو گئے ہیں۔ حکومت ڈینگی کے خلاف اقدامات کے دعوتے تو کر رہی ہے لیکن لاہور کا ایک علاقہ ڈینگی مچھروں کی آماجگاہ بنا ہوا ہے جو محکمہ صحت کی غفلت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔پنجاب میں ڈینگی مچھروں کے خلاف کبھی حکومت اجلاس بلاتی ہے تو کبھی واک۔ آج بھی محکمہ سوشل ویلفیئر نے مصطفی ٹاوٴن میں واک کا اہتمام کیا۔ اسکولوں کے طلبا اور اساتذہ نے بھی اس میں شرکت کی۔ادھر لاہور کا ہی ایک علاقہ گجر پورہ ڈینگی مچھروں کی آماجگاہ بنا ہوا ہے۔ گندگی کے ڈھیر اور جگہ جگہ کھڑے پانی میں مچھروں کے لاروے پرورش پانے لگے۔اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ یہاں کوئی حکومتی نمائندہ یا ٹیم نہیں آئی اور ناہی کبھی کسی نے سپرے کیا ہے۔ محکمہ صحت کے مطابق پنجاب میں ڈینگی مریضوں کی تعداد 2 ہزار360ہو گئی۔ یہ وائرس رواں سیزن میں اب تک 17 افراد کی جان لے چکا ہے۔