4 دسمبر 2013
وقت اشاعت: 4:8
بلند فشار خون کئی مہلک بیماریوں کا سبب بنتا ہے
پشاور…بلند فشار خون بذات خود کوئی مرض نہیں،لیکن یہ کئی مہلک امراض کا سبب بنتا ہے۔ یہ بیماری کیسے لاحق ہوتی ہے۔تیزرفتارزندگی میں ذہنی دباوٴ،غصہ اور فاسٹ فوڈکااستعمال بلند فشار خون کا بڑاسبب بن رہے ہیں۔ اس بیماری میں مبتلا افراد کو غیر معمولی جسمانی تکلیف نہیں ہوتی، بلکہ معمولی چکر آتے ہیں، جسے عموماً نظرانداز کیا جاتا ہے۔اس لئے اسے خاموش قاتل بھی کہا جاتا ہے۔بلند فشار خون کئی خطرناک بیماریوں کوجنم دیتاہے جن میں برین ہیمبرج، دل اور گردوں کے امراض سے لے کر بینائی ختم ہونا بھی شامل ہیں۔ طبی ماہرین کے مطابق رہن سہن کے طور طریقے بدلنے سے ان بیماریوں سے بچا جا سکتا ہے۔ بلند فشار خون دل کی رگوں پر خون کی گردش تیز ہونے کی وجہ سے پڑنے والا دباوٴ ہے، جس سے خون کی شریانیں پھٹنے کا بھی اندیشہ رہتا ہے۔ جان ہے تو جہان ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق وزن کو کنٹرول ، نمک اورچربی کے استعمال میں کمی، رہن سہن کے سادہ طریقے اپنانے اور باقاعدگی سے ورزش کے ذریعے اس مرض سے بچنا ممکن ہے۔