23 مارچ 2014
وقت اشاعت: 2:21
انسانی ناک میں دس کھرب سے زائد خوشبوئیں سونگھنے کی صلاحیت
نیویارک… این جی ٹی… امریکی ماہرین نے ایک تحقیق میں یہ انکشاف کیا ہے کہ انسانی ناک دس کھرب سے زیادہ خوشبوئیں سونگھ سکتی ہے۔جی ہاں نیویارک کی راک فیلر یونیورسٹی میں ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق انسانی ناک میں دس کھرب سے زائد خوشبوؤں کی شناخت کی صلاحیت ہوتی ہے۔ اس سے پہلے کی تحقیقات میں یہ انکشاف کیا گیا تھا کہ انسان 10 ہزار اچھی یا بری بو کی شناخت کرسکتا ہے لیکن حالیہ تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ یہ حس سابقہ اندازوں سے بہت زیادہ بہتر بلکہ ڈرامائی حد تک بہترین ہے۔ تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ انسانوں کو اس بات کا شعور ہی نہیں ہم سونگھنے کے معاملے میں کس حد تک اچھے ہیں اور ہم اس حس کو پوری صلاحیت سے استعمال کرتے بھی نہیں۔ محققین کا کہنا ہے کہ ہمارے آباؤ اجداد مختلف بوؤں کو سونگھ کر بیماریاں یا خطرے وغیرہ کا اندازہ کرتے تھے اور یہ عمل اگلی نسلوں تک منتقل ہوتا رہا مگر آج کے عہد میں لوگ پرفیومز، ائیرفریشنرز اور باڈی اسپرے وغیرہ کے ذریعے انہیں دبا دیتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ لوگ کس حد تک سونگھنے کی حس کو دیکھنے اور سننے کے مقابلے میں غیر اہم سمجھتے ہیں۔اس ناقدری کے باوجود اب بھی انسان میں اس کی بہت زیادہ صلاحیت ہے اور خطرے کا انتباہ، یادداشت کا ابھر آنا اور شریک حیات کا چناؤ وغیرہ بھی اکثر اس کے ذریعے ہی ہوتا ہے۔