16 دسمبر 2012
وقت اشاعت: 13:51
اداکارہ گریٹا گاربو کے زیر استعمال ذاتی اشیاء کی نیلامی
اے آر وائی - سوئیڈن سے تعلق رکھنے والی ماضی کی معروف ہالی ووڈ اداکارہ گریٹا گاربو کے زیر استعمال ذاتی اشیاء نیلام کے لیے پیش کی گئیں ۔ لاس اینجلس کے نواحی شہر بیورلی ہل کے جولین آکشنز کے اس ہال میں مداحوں کی ایک بڑی تعداد اپنی فیورٹ اداکارہ کی نجی استعمال کی اشیاء کو ہاتھوں ہاتھ لینے کے لیے جمع تھی۔
مخمور آنکھوں اور پرکشش نقوش کی حامل سوئیڈش اداکارہ گریٹا گاربو کی نجی زندگی سے متعلق آٹھ سو پچاس اشیاء نیلامی کے لیے پیش کی گئی۔ ان اشیاء میں ان کے زیراستعمال کپڑے، فرنیچرز، زیورات، ہینڈ بیگز، تصاویر اور خوبصورت جستی ٹرنک سمیت دیگر اشیاء شامل تھی۔
انیس سو تیس میں تیار کئے گئے بلیک ویلوٹ شام کے ملبوسات بارہ سو سے لیکر تیرہ ہزار سات سو پچاس ڈالرز میں فروخت ہوئے۔ جوتے رکھنے والے جستی ٹرنک کی نیلامی چالیس ہزار ڈالر میں ہوئی۔ انیس سو اکتالیس میں عوامی اور فلمی زندگی سے ریٹائر ہونیوالی گریٹا گاربو کا انتقال چوراسی سال کی عمر میں انیس سو نوے میں نیویارک میں ہوا۔ گریٹا گاربو اپنی فلمی کیئریر کے دوران چار دفعہ آسکر ایوارڈ کے لیے نامزد ہوئیں ۔