31 جنوری 2013
وقت اشاعت: 7:27
خبروں میں رہنے کافن جاننے والی امریکی میرا۔۔لوہن
اے آر وائی - سیانے کہتے ہیں کہ وہی چیز بکتی ہے جو دکھتی ہے۔شاید یہی بات لنڈسے لوہان کو ہمیشہ ذرائع ابلاغ میں ان رہنے کے لیے آوٴٹ اسٹینڈنگ کارنامے سرانجام دینے پر اکساتی ہے۔
شمع انجمن بننے کی کوششیں کرنے والی لنڈسے کے گرد میڈیا پروانے کی صورت نظر آتے ہیں۔ یقین نہ آئے تو ذرا ملاحظہ کیجیے۔ گزشتہ چند سالوں کے دوران ان کی چلبلی حرکتوں کے باعث وہ چند کارنامے جو ذہن سے محو نہیں ہوتے۔
جون دو ہزار گیارہ میں انہیں مقامی عدالت نے حکم دیا کہ وہ اپنے ڈرگ ٹیسٹ کے لئے عدالت میں پیش ہوں اسی مہینے بحالی مرکز سے فارغ ہونے والی اداکارہ کو نیکلس چوری کے مقدمے میں چھ ماہ کی سزا کا سامنا کرنا پڑا۔
جنوری دو ہزار بارہ میں امریکی اداکارہ پر الزام تھا کہ انہوں نے بے احتیاطی سے ڈرائیونگ کرتے ہوئے ایک ٹرک کو ٹکر ماری۔ اداکارہ کو اس مقدمے میں عدالت میں حاضر نہ ہونے پر جیل جانا پڑا۔
لنڈسے لوہان کو بیس جولائی دو ہزار بارہ کو لاس اینجلس کی جیل میں قیدِ تنہائی بھی اٹھانا پڑی۔ نومبر دو ہزار بارہ میں نائٹ کلب میں ایک خاتون کو مکا مارنے اور تیز ڈرائیونگ پر انہیں نیویارک میں گرفتار کیا گیا۔
اس سے قبل انہیں نشے میں ڈرائیونگ کرنے کے جرم میں عدالت کی جانب سے گھر میں مقید کر دیا گیا۔بعض ہمدردوں کاخیال ہے کہ شاید تنازعات نے لنڈسے کا گھر دیکھ لیا لیکن بعض کا خیال ہے کہ ہماری میرا کی طرح امریکی میرا بھی اس ہنر سے واقف ہے کہ وہی چیز بکتی ہے جو کہ دکھتی ہے۔