29 اکتوبر 2012
وقت اشاعت: 15:36
پشاور :عید پر ریلیز ہونے والی فلموں نے فلم بینوں کے دل موہ لیے
جیو نیوز - پشاور…گوشت خوری کے بعد پشاور میں شہریوں کی بڑی تعداد نے سینماگھروں کا رخ کیا اور پشتوانگلش اور پنجابی زبانوں میں بنی ہوئی فلموں سے لطف اندوز ہوئے۔ پشاور کے دس سینماگھروں میں عید کے موقع پر نو فلموں کی نمائش جاری ہے۔ عید پر ریلیز ہونے والی پشتو فلمیں چرسی، مائی نیم از خان اور دشمنی میں شاہد خان اور ارباز خان نے مرکزی کردار اداکیا ہے۔ فلموں میں طنز ومزاح کے ساتھ سنجیدہ معاملات کو موضوع بنایا گیا ہے۔ شائقین کی بڑی تعداد نے نئی ریلیز ہونے والی فلموں کو دلچسپ اور معیاری قرار دیا ہے۔ پشاور میں جن سینما گھروں پر نئی فلیمں نمائش کے لئے پیش کی گئیں وہاں شائقین سے فرسٹ، سکینڈ اور تھرڈ کلاس کے ٹکٹ کی قیمت سو کی بجائے تین سو جبکہ گیلری کے ٹکٹ کی قیمت ڈیرھ سو کی بجائے ساڑھے تین سو روپے وصول کی گئی۔ ٹکٹ کی قیمت جو بھی ہو شائقین جوق درجوق سینما آئے اور معیاری فلموں سے لطف اندوز ہوئے، دوسری جانب سینما مالکان نے ٹکٹ کی قیمت میں اضافے کو مہنگی کاسٹ قرار دیا۔ عیدالضحی پر پشاور میں اٹھارہ سی ڈی ٹیلی فلمیں بھی ریلیز ہوئیں جبکہ پشتو فلموں دشمنی، مائی نیم از خان اور چرسی نے فلم بینوں کے دل موہ لئے۔