18 نومبر 2012
وقت اشاعت: 2:54
ہالی ووڈ اداکار چیننگ ٹاٹم دنیا کے پُرکشش ترین مرد قرار
جیو نیوز - نیویارک … امریکا کے نامور فیشن میگزین پیپل نے 32 سالہ ہالی ووڈ اداکار چیننگ ٹاٹم کو دنیا کا سب سے پُرکشش ترین مرد قرار دے دیا ہے۔ پیپل میگزین کے حال ہی میں شائع ہونے والے ایڈیشن کے سرِ ورق پر جگہ بنانے والے اداکار، پروڈیوسر، ڈانسر اور ماڈل ٹاٹم ہالی ووڈ میں اسٹیپ اَپ، G.I Joeدی رائز آف کوبرا، The Vow اور 21 جمپ اسٹریٹ جیسی کامیاب فلمیں دے کر بے پناہ شہرت رکھتے ہیں۔ پیپل میگزین کی جانب سے آن لائن کروائے گئے سروے میں بریڈلے کوپر، ریان رینالڈز، میٹ ڈیمن، رچرڈ گےئر، جونی ڈیپ، بریڈ پٹ اور جارج کلونی جیسے بڑے ناموں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ٹاٹم کو اس بار عوام کی جانب سے دنیا کا پُرکشش ترین مرد ٹھہرایا گیا ہے۔ میگزین کی جانب سے مرتب کی گئی اس فہرست میں دوسرے نمبر پر بلیک شیلٹن،اداکار کرس ہیمسورتھ، میکس گرین فیلڈ چوتھے، بین ایفلک پانچویں، رچرڈ گےئر چھٹے، میتھیو بومر ساتویں، معذور ایتھلیٹ آسکر پسٹوریس آٹھویں، ڈینزل واشنگٹن نویں اور ڈیمین لیوئس دسویں نمبر پر موجود ہیں۔ پچھلے سال اسی میگزین کیلئے پرکشش مرد کا خطاب حاصل کرنے والے ہالی ووڈ اداکار بریڈلے کوپر رواں سال اس فہرست میں بارہویں نمبر پر موجود ہیں۔