تازہ ترین سرخیاں
 شوبز 
6 مارچ 2013
وقت اشاعت: 11:33

شہرت ایک فریب ہے،نمبر ون کے چکر میں نہیں پڑتی:اداکارہ سجل علی

جیو نیوز - کراچی…اختر علی اختر…ٹیلی ویژن نگری کی نامور اداکارہ سجل علی نے کہا ہے کہ شہرت ایک فریب ہے، آنی جانی چیز ہے، میں اس چکر میں نہیں پڑتی کہ کون نمبر ون ہے، اپنے کام سے کام رکھتی ہوں،جیو ٹی وی کی نئی ڈراما سیریل ”ننھی“ میرے فنی کیریئر کی یادگار سیریل ثابت ہوگی، اس ڈرامے میں میرا کردار بہت مختلف اور منفرد ہے، میں نے جب بھی اچھا پُرفارم کیا،میرے ڈائریکٹر نے میری بہت حوصلہ افزائی کی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اداکارہ سجل علی نے بتایا کہ میرا تعلق صوبہ پنجاب سے ہے، پانچ برس قبل کراچی آئی تھی، مختلف ڈراما ڈائریکٹرز کے ساتھ کام کیا، قابل ذکر ڈراموں میں محمود آباد کی ملکائیں، میرے قاتل میرے دلدار، احمد حبیب کی بیٹیاں، ستم گر، محبت بھاڑ میں جائے و دیگر ٹیلی فلمز شامل ہیں، ”ننھی“ کی شوٹنگ کے دوران فلم انڈسٹری کے سینئر ہدایتکار اور اداکار جاوید شیخ نے میری بہت حوصلہ افزائی کی، ان سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا، اس سے قبل میں نے ان کے ساتھ ایک نیکی فلم میں بھی کام کیا تھا۔ سجل علی نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ ”ننھی“ کے ذریعے جیو ٹی وی کی اسکرین پر پہلی مرتبہ نظر آؤں گی، ”ننھی“ کی شوٹنگ میں مسلسل تین ماہ تک حصہ لیا، صبح روزانہ آٹھ بجے گاڑی لے جانے آ جاتی تھی، پھر واپسی رات گئے ہوتی تھی، دن رات کی شوٹنگ کے دوران شادی بیاہ اور دیگر تقریبات میں بھی جانا چھوڑ رکھا تھا، ایک کزن کی شادی میں گئی تو واپسی صبح سات بجے ہوئی اور آٹھ بجے ”ننھی“ کیلئے گاڑی مجھے لینے پہنچ گئی، رات بھر کی جاگی ہوئی تھی پھر بھی پوری توجہ سے شوٹنگ میں حصہ لیا، مجھے قومی امید ہے کہ ”ننھی“ سپر ہٹ سیریل ثابت ہو گی۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.