14 مارچ 2013
وقت اشاعت: 12:39
جیو کے ڈراموں سے اصل پہچان ملی:عائزہ خان
جیو نیوز - کراچی…اختر علی اختر…ٹیلی ویژن کی نامور اداکارہ عائزہ خان نے کہا ہے کہ مجھے داکاری کا کبھی شوق نہیں تھا،آصف رضا میر نے ایک کمرشل میں کام کرنے کی پیشکش کی، انہیں میرا کام اچھا لگا تو وہ مجھے ڈراموں میں اداکاری کی طرف لے آئے، مجھے اصل پہچان جیو کے ڈرامے ”ٹوٹے ہوئے پر“ سے ملی، اس ڈرامے میں اجیہ کا کردار میری شناخت بن گیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اداکارہ و ماڈل عائزہ خان کا کہنا ہے کہ ابتدا میں ڈائریکٹر محسن مرزا اور بابر جاوید نے میری بہت حوصلہ افزائی کی، میرے مقبول ڈراموں میں پل صراط، سمدھن، ماہی نی، عکس، میرا سائیں، می رقصم، زرد موسم، ماہی آئے گا اور دیگر ٹیلی فلمز شامل ہیں، ڈراما پل صراط میں مجھے ”مومنہ“ کے کردار میں پسند کیا گیا اور میری پرفارمنس کو بہت سراہا گیا، مجھ میں ایک عادت ہے کہ میں شوبزنس میں دن رات مصروف رہنا نہیں چاہتی، چھ ماہ دن رات کام کرتی ہوں تو چھ ماہ پڑھائی پر توجہ دیتی ہوں۔ ایک سوال کے جواب میں عائزہ خان نے بتایا کہ میں انجینئر بننا چاہتی تھی، اپنے والد کو انجینئرنگ کے شعبے سے وابستہ دیکھ کر اکثر سوچا کرتی تھی کہ میں بھی بڑی ہو کر انجینئر بنوں گی، شوبزنس میں چند فنکاراؤں سے میری دوستی ہے، ان میں ثانیہ سعید، ژالے سرحدی اور صبا پرویز شامل ہیں، مجھے موسیقی سننے کا بے حد شوق ہے، حدیقہ کیانی، علی ظفر اور راحت فتح علی خان کے گائے ہوئے گانے شوق سے سنتی ہوں۔