5 اپریل 2013
وقت اشاعت: 17:28
علی ظفر کی کامیڈی فلم چشم بدورکے نئے گانے کی وڈیوجاری
جیو نیوز - ممبئی …اپنی پہلی فلم تیرے بن لادن کی کامیابی کے بعد شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والے پاکستانی پاپ گلوکار،ماڈل و اداکار علی ظفرکی تیسری بالی ووڈ فلم "چشمِ بدور"کے نئے گانے"اندھا گھوڑا ریس میں دوڑا"کی وڈیو فلم کی ریلیز سے ایک دن قبل جاری کردی گئی۔ اندھا گھوڑا ریس میں دوڑا کے بولوں پر مبنی گانے کو خود علی ظفر اور واجد خان کی کی آواز میں ریکارڈ کیا گیا ہے جسکی وڈیو میں علی اپنے دوستوں کیساتھ تفریح کرتے نظر آرہے ہیں۔1981کی مشہور کامیڈی فلم"چشمِ بدور"کے ریمیک کی ہدایتکاری کامیڈی فلموں کے نامور ہدایتکار ڈیوڈ دھاون نے دی ہے جس میں علی ظفر کیساتھ سدھارتھ،دیوندو شرما،رشی کپور اورتاپسی پنواہم کردار ادا کررہے ہیں جبکہ جوہی چاؤلہ اور انوپم کھیر بحیثیت مہمان اداکار جلوہ گر ہونگے۔گوا میں فلمائی گئی اس فلم کی کہانی تین دوستوں کے گرد گھومتی ہے جو بیک وقت ایک ہی لڑکی کی توجہ اپنے جانب مبذول کروانے کی کوششوں میں مگن نظر آرہے ہیں۔ویاکوم موشن پکچرز کی پروڈیوس کردہ اس فلم کا میوزک معروف موسیقار جوڑی ساجد واجد نے ترتیب دیا ہے جوکل 5اپریل کو سینما گھروں کی زینت بننے جارہی ہے۔