29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
نیٹو سپلائی بند ہوگئی تو امریکہ خطے سے نکلنے پر مجبور ہوگا، جاوید ہاشمی
جنگ نیوز -
پشاور …پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ ڈرون حملوں پر تمام جماعتوں کا موقف ایک ہے مگر میدان عمل میں نکلنے کی جرات صرف عمران خان نے کی ۔پشاورمیں تحریک انصاف کے احتجاجی دھرنے سے خطاب میں جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ جس ملک کے لیڈرامیراور عوام غریب ہوتے جائیں تواس قوم کی حالت قابل رحم ہوتی ہے۔ جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ اس غریب قوم سے لیڈر مخلص ہیں تو وہ قوم سے لوٹی ہوئی رقم بیرون ملک بینکوں سے واپس لے آئیں۔ انھوں نے کہا کہ پشاور شہر پاکستان کی بقا کی جنگ لڑ رہا ہے۔ میں اہل پشاور کو سلام عقیدت پیش کرتا ہوں جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ نیٹو کی سپلائی جب مکمل بند ہوجائے تو جنگ خود بخود ختم ہوجائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام پارٹیوں کو مل کر امریکہ کواس خطے سے بھگانا ہوگا، ہم متحد ہوئے تو کسی قوت کو ہماری طرف دیکھنے کی جرات نہیں ہوگی۔