30 مارچ 2013
وقت اشاعت: 17:55
ملک کوخوف کی سیاست سے نکالنا چاہتے ہیں،فضل الرحمان
آج نیوز - جمعیت علمائے اسلام کے امیر مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ مینار پاکستان پر کامیاب جلسہ کر کے ملک کو خوف کی سیاست سے نکالنا چاہتے ہیں، انتخابات سے پہلے تمام جماعتیں برملا اور پس پردہ ایک دوسرے سے رابطے میں ہیں۔مینار پاکستان گراوٴنڈ لاہور میں جلسے کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے موقعے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جے یو آئی امید کی سیاست کو فروغ دینا چاہتی ہے، لوگوں کی نظریں انتخابات پر لگی ہیں، وہ ایسے جلسے کر کے عوام کو خوف کی سیاست سے نکالنا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ لاہور کا جلسہ کامیاب ہو گا، دوسری جماعتوں کے کچھ لوگ شمولیت کا اعلان بھی کریں گے تاہم وہ بڑے بول بولنے کے قائل نہیں۔ جے یو آئی کے امیر نے کہا کہ الیکشن کے انعقاد میں کوئی رکاوٹ نظر نہیں آتی، جوڑ توڑ کے لئے تمام جماعتیں ایک دوسرے سے رابطے میں ہیں۔مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ایم ایم اے بحال نہ ہونے پر انہیں افسوس ہے، سیاست اقتدار تک پہنچنے کا نہیں، عدل و انصاف سے کام چلانے کا نام ہے۔ مسرت شاہین کے مقابلے میں آنے پر انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ ہر جگہ رنگ بھرنے کے لئے آجاتے ہیں۔