30 مارچ 2013
وقت اشاعت: 18:15
کاغذات نامزدگی کی وصولی وجمع کرانے کا سلسلہ جاری
آج نیوز - ملک کے مختلف شہروں میں الیکشن دو ہزار تیرہ کیلئے کاغذات نامزدگی کی وصولی اور جمع کرانے کا سلسلہ ساتویں روز بھی جاری رہا،شہباز شریف،نور ربانی کھر،علی موسی گیلانی،بشری اعتزاز سمیت کئی امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرا دئیے، سابق وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف نے راجن پور کے حلقے پی پی دو سو سینتالیس سے بھی الیکشن لڑنے کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرا دئیے . مظفر گڑھ میں سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر کے والد نور ربانی کھر نے این اے ایک سو ستتر سے الیکشن لڑنے کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔لاہور میں پیپلز پارٹی کے رہنما اعتزاز احسن کی اہلیہ بشری اعتزاز نے این اے ایک سو چوبیس اور خواتین کی مخصوص نشستوں پر بھی کاغذات نامزدگی جمع کرائے ،تحریک انصاف کے شفقت محمود نے این اے ایک سو پچیس،چھبیس اور ستائیں سے کاغذات جمع کرائے۔ نون لیگ نے خواتین کی مخصوص نشست پر محنت کش خاتون حسینہ ناز کو ٹکٹ جاری کر دیا۔ملتان میں شاہ محمودقریشی کے بھائی مرید حسین قریشی نے پی پی دو سو ایک جبکہ علی موسی گیلانی نے این اے ایک سو اڑتالیس سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ سکھر سے دو قومی اور چار صوبائی اسمبلی کی نشستوں کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا سلسلہ آج بھی جاری رہا۔اور متعدد امیدواروں نے کاغذات جمع کرائے۔لاڑکانہ میں این سے دو سو چار پر پر غنوی بھٹو،فنکشنل لیگ کی مہتاب اکبر راشدی ، ایاز سومرو اور دیگر نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ بلوچستان میں بھی انتخابی سرگرمیاں عروج پر ہیں قومی اسمبلی کی پندرہ اور صوبائی اسمبلی کی پینسٹھ نشستوں کیلئے چھ سو سے زائد امیدوار میدان میں اتر چکے ہیں جن میں محمود خان اچکزئی، نواب اسلم رئیسانی، علی احمد کرد، مقبول احمد لہڑی، ڈاکٹر مالک بلوچ، حافظ حسین احمد، عبدالرحیم مندوخیل اور دیگر اہم شخصیات شامل ہیں خواتین اور اقلیتوں کی صوبائی اسمبلی میں چودہ مخصوص نشستوں کیلیے تئیس جبکہ قومی اسمبلی کی خواتین کیلئے تین مخصوص نشستوں کیلیے دو امیدواروں نے کاغذات جمع کرائے۔ کوئٹہ سے صوبائی اسمبلی کی چھ نشستوں پر سو سے زائد امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کراچکے ہیں۔