30 مارچ 2013
وقت اشاعت: 18:35
حکومت سیکورٹی چیلنج سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں ، نجم سیٹھی
آج نیوز - نگران وزیراعلٰی پنجاب نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ نگران حکومت سیکورٹی کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے پوری طرح تیار ہے، انتخابات کا پرامن انعقاد یقینی بنائیں گے۔ایوان وزیراعلٰی میں امن و امان اورسیکورٹی سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانا ان کی ترجیح ہے، عام انتخابات میں ووٹرز کو حق رائے دہی کے استعمال کے لئے پرامن ماحول یقینی بنائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ عام انتخابات کا پرامن اور غیر جانبدارانہ انعقاد قومی ذمہ داری ہے، جسے ہر حال میں پورا کیا جائے گا۔ نگران وزیراعلٰی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ انتخابی مہم کے دوران ریلیوں، جلسوں اور جلوسوں کی مکمل سیکورٹی فراہم کی جائے۔ انہوں نے صوبے بھر میں وال چاکنگ کی پابندی پر عملدرآمد کرانے اور اشتعال پھیلانے والے بینرز فوری اتارنے کا بھی حکم دیا ہے۔ اجلاس میں آئی جی پنجاب نے امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے بریفنگ بھی دی۔