31 مارچ 2013
وقت اشاعت: 9:9
ن لیگ کے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس آج ہو گا
آج نیوز - مسلم لیگ ن کے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس آج ہو رہا ہے،امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ٹکٹوں کی تقسیم کے معاملے کو آج حتمی شکل دیدی جائے گی۔ جبکہ مسلم لیگ ن نے تمام امیدواروں کو آج کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی بھی ہدایت کردی ہے۔ مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف کی زیر صدارت پارلیمانی بورڈ کا اجلاس ماڈل ٹاوٴن لاہور میں ہو رہا ہے، جس میں مشاہد اللہ، احسن اقبال، اسحاق ڈار اور دیگر شریک ہوں گے۔اجلاس میں پنجاب کے مختلف حلقوں کیلئے امیدواروں کو ٹکٹ کی تقسیم کے معاملے کو حتمی شکل دی جائے گی۔پانچ روز تک جاری رہنے والے اس اجلاس میں اب تک کوئی پیش رفت نہیں ہو سکی، لیکن امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آج ٹکٹوں کے معاملے کو حتمی شکل دیدی جائیگی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مختلف نشستوں پر ٹکٹوں کی تقسیم پر مسلم لیگ ن کے عہدیداران میں مایوسی پائی جا رہی ہے۔ جبکہ دوسری جانب مسلم لیگ ن کے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا کہ پارٹی کے تمام قومی و صوبائی اسمبلی کے امیدواران آج کاغذات نامزدگی جمع کرادیں۔