31 مارچ 2013
وقت اشاعت: 12:29
عام انتخابات میں کلین سوئپ کریں گے، عمران خان
آج نیوز - تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ چند ہفتوں بعد تحریک انصاف کی حکومت آنے والی ہے، عام انتخابات میں کلین سوئپ کریں گے۔ مینگورہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ اس وقت ملک میں تحریک انصاف کے سوا کوئی جماعت جمہوری نہیں۔ ملک میں پانچ سال سے بندربانٹ ہو رہی ہے، کسی نے صوبے میں تو کسی نے مرکز میں مال بنایا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں نے نیا پاکستان بنانا ہے، وعدہ ہے کہ پچیس فیصد پارٹی ٹکٹ پینتیس سال سے کم عمر نوجوانوں کو تقسیم کریں گے، تحریک انصاف غلط امیدواروں کو ٹکٹ نہیں دے گی۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ پولیس کا نظام بہتر بنایا جائے گا، کوئی وزیر یا مشیر اپنی پسند کا تھانیدار نہیں لگا سکے گا، پولیس میں کوئی سیاسی مداخلت نہیں ہونے دیں گے۔ عمران خان نے کہا کہ جتنے پولیس اہلکار نواز شریف کی سیکورٹی پر مامور ہیں اتنے تو امریکی صدر کے ساتھ بھی نہیں ہوتے، جب پولیس کا نظام ٹھیک ہو جائے گا تو سمجھیں گے کہ نیا پاکستان بن گیا ہے۔