31 مارچ 2013
وقت اشاعت: 19:30
کراچی :ٹارگٹڈ آپریشن ،پچیس افراد زیر حراست
آج نیوز - کراچی میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں ایک شخص جاں بحق جبکہ رینجرزنے بلدیہ ٹاوٴن میں ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران پچیس افراد کوحراست میں لے لیا ہے۔کراچی کے علاقے گارڈن میں غریب شاہ کے مزار کے قریب نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل کردیا۔رات گئے محمود آباد کے علاقے اعظم بستی میں نامعلوم سمت سے گولی لگنے سے ارسلان نامی شخص زخمی ہوا جسے جناح ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ نیشنل ہائی وے پر واقع عبداللہ گوٹھ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے تین افراد زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس کے مطابق زخمیوں کا تعلق مذہبی جماعت سے ہے۔ اورنگی ٹاوٴن کے علاقے پیرآباد میں نامعلوم افراد نے آئل ڈپو پر کریکر حملہ کیا تاہم کریکر پھٹنے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ دوسری جانب بلدیہ ٹاوٴن کے علاقے سعید آباد میں رانگڑ محلے میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف رینجرز کی بھاری نفری نے ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران پچیس افراد کو حراست میں لے لیا۔ زیر حراست افراد کے قبضے سے مختلف اقسام کے ساٹھہ ہتھیار بھی برایمد کئے گئے ہیں۔