1 اپریل 2013
وقت اشاعت: 13:15
کاغذات نامزدگی کی وصولی ، جانچ پڑتال کا مرحلہ شروع
آج نیوز - آئندہ عام انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی کی وصولی کے بعد انکی جانچ پڑتال کامرحلہ شروع ہو گیا ہے جو سات اپریل تک جاری رہے گا ، اب تک چار ہزار چھ سو کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال مکمل ہو گئی ہے۔الیکشن کمیشن کو مجموعی طور پر نو ہزار ایک سو چوبیس کاغذات نامزدگی وصول ہوئے، چار ہزار چھ سو کاغذات نامزدگی سے متعلق نیب، ایف بی آر اور سٹیٹ بینک سے جواب موصول ہو گیا ہے جبکہ پانچ سو سے زائد فارم الیکشن کمیشن نے ویب سائٹ پر ڈال دئے ہیں، چوہدری پرویز الہی کے کاغذات نامزدگی کی ویب سائٹ پر جاری تفصیل کے مطابق انکی تعلیمی قابلیت بی اے ہے اور انہوں نے تین سال میں اٹھائیس لاکھ روپے سے زائد ٹیکس دیا، این اے ایک سو پانچ گجرات سے انکے مقابلے میں چوہدری احمد سعید نے کاغذات جمع کرائے ہیں، کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل سات اپریل تک جاری رہے گا، کاغذات نامزدگی کو رد یا قبول کرنے کے بارے میں الیکشن کمیشن کے ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کے خلاف اپیل دائر کرنے کی حتمی تاریخ دس اپریل مقرر کی گئی ہے۔ انتخابی ٹربیونل سترہ اپریل تک ان اپیلوں پر فیصلہ کرے گا جبکہ امیدواروں کو اٹھارہ اپریل تک اپنے کاغذاتِ نامزدگی واپس لینے کی اجازت ہو گی۔ مکمل چھان بین کے بعد الیکشن کمیشن انیس اپریل کو انتخابی امیدواروں کی حتمی نظر ثانی شدہ فہرست شائع کرے گا جو گیارہ مئی کے انتخابات میں حصہ لیں گے۔