2 اپریل 2013
وقت اشاعت: 11:27
تیل کی درآمد کیلئے رقم دینے سے وزارت خزانہ کی معذرت
آج نیوز - تیل کی درآمد کے لئے وزارت خزانہ نے ستاون ارب روپے جاری کرنے سے معذرت کرلی، فرنیس آئل کی شدید قلت کے خدشات پر ملک بھر میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ کا خطرہ پیدا ہوگیا۔ وزارت خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال کے صرف نو ماہ کے دوران ہی پاور سیکٹر پر سبسڈی کا حجم دو سو سڑسٹھ ارب روپے تک پہنچ گیا ہے۔ جبکہ پورے سال کے لئے اس کا نظر ثانی شدہ ہدف دو سو اکانوے ارب مقرر کیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق مالیاتی مسائل کے باعث وزارت خزانہ فرنیس آئل کی درآمد کے لئے مزید فنڈزجاری کرنے سے قاصر ہے ،،، اس سلسلے میں وزارت خزانہ و پیٹرولیم اور وزارت پانی و بجلی کے درمیان اعلی سطح کے مذاکرات کے باوجود مسئلے کا حل نہیں نکالا جاسکا ، دوسری جانب پی ایس او حکام کے مطابق وزارت خزانہ اور وزارت پانی و بجلی کی جانب سے تاحال فرنیس آئل کی درآمد کے لئے کوئی ہدایت موصول نہیں ہوئی ہیں ، جس کے نتیجے میں رواں ماہ فرنیس آئل کی شدید قلت پیدا ہوسکتی ہے، اسوقت پی ایس او کے پاس ساٹھ ہزار ٹن فرنیس آئل کے اسٹاکس موجود ہیں جو کہ صرف پانچ دن کے لئے کافی ہیں ،،،، جس کے بعد پورے ملک میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ کا خدشہ ہے۔