2 اپریل 2013
وقت اشاعت: 18:46
چیرمین نیب کیخلاف توہین عدالت وانٹراکورٹ کیس کی سماعت ملتوی
آج نیوز - چیرمین نیب کیخلاف توہین عدالت کیس کی سماعت دس اور انٹرا کورٹ اپیل کی سماعت گیارہ اپریل تک ملتوی کردی گئی،لارجر بنچ نے توہین عدالت کیس کا تمام ریکارڈ طلب کر لیا ہے۔چیئرمین نیب کیخلاف توہین عدالت اور انکی جانب سے انٹراکورٹ اپیل کی سماعت الگ الگ بنچز میں ہوئی،چیئرمین نیب کی لارجر بنچ میں مصروفیت کے باعث تین رکنی بنچ نے توہین عدالت کیس کی سماعت دس اپریل تک ملتوی کردی،جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے پانچ رکنی لارجر بینچ نے چئیرمین نیب کیخلاف توہین عدالت میں فرد جرم عائد کیے جانے کے خلاف انٹراکورٹ اپیل کی سماعت کی۔ چیئرمین نیب کے وکیل لطیف کھوسہ نے اپنے دلائل میں کہا کہ ان کے موکل نے صدر کو خفیہ خط لکھا،جو کیسے منظر عام پر آیا اس کا علم نہیں،جس پر جسٹس انور ظہیر جمالی کا کہنا تھا کہ خفیہ خط اوپن ہونے کی تحقیقات ہونی چاہئے تھیں،لطیف کھوسہ نے کہا کہ انہیں اپنے موٴکل کی ہدایت پر چیف جسٹس کو متعصب کہنے پر افسوس ہے،انہوں نے کبھی سول جج کو بھی متعصب نہیں کہا،تاہم قانون کے مطابق چیف جسٹس کو ازخود نوٹس کی سماعت نہیں سننا چاہیئے،انکا کہنا تھا کہ ملک میں توہین عدالت کا کوئی قانون نہیں عدالتی فیصلہ موجود ہے ،جس پر جسٹس انور ظہیر جمالی نے کہا کہ توہین عدالت کی کارروائی دوہزار تین کے آرڈیننس کے تحت کی جا رہی ہے،سابق وزیر اعظم یوسف رضاگیلانی کے خلاف بھی اسی قانون کے تحت کارروائی کی گئی تھی،جسٹس اعجاز افضل نے کہا کہ فرد جرم عائد ہونے کے بعد ملزم کو فیئر ٹرائل کا موقع ملے گا،عدالت نے توہین عدالت کیس کا تمام ریکارڈ طلب کرتے ہوئے چیئرمین نیب انٹرا کورٹ اپیل کی سماعت گیارہ اپریل تک ملتوی کردی ہے۔