تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
2 اپریل 2013
وقت اشاعت: 19:57

ن لیگ کا پارلیمانی بورڈ کا اجلاس حتمی فہرست مرتب نہ کرسکا

آج نیوز - مسلم لیگ نون کا پارلیمانی بورڈ اپنے آٹھویں اجلاس میں بھی پارٹی امیدواروں کی حتمی فہرست مرتب نہ کرسکا۔ لیگی کارکنوں نے سابق ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی رانا مشہود کو پارٹی ٹکٹ دینے کی یقین دہانی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ بھی کیا۔مسلم لیگ نون کے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس نواز شریف کی زیر صدارت لاہور میں ہوا۔ اجلاس میں ضلع قصور،منڈی بہاوٴالدین، گوجرانوالہ، نارووال، حافظ آباد، سیالکوٹ ، اور گجرات سے قومی و صوبائی اسمبلی کے ٹکٹ کے جمع ہونے والی تین سو ستاسی درخواستوں پر غور کیا گیا۔ ضلع گوجرانوالہ سے چودھری محمد اقبال، رانا نذیر اور خرم دستگیر خان کو قومی اسمبلی کا ٹکٹ دینے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔ اجلاس میں الیکشن کمیشن کی طرف سے عام انتخابات میں حصہ لینے کے خواہشمند امیدواروں کے کاغذات کی جانچ پڑتال کے عمل اور مختلف سیاستدانوں کی تعلیمی اسناد کے حوالے سے ہائرایجوکیشن کمیشن کی طرف سے اٹھائے گئے اعتراضات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ لاہور کے حلقہ پی پی ایک سو انچاس سے تعلق رکھنے والے مسلم لیگی کارکنوں نے سابق ڈپٹی سپیکر رانا مشہود احمد خان کو اسی حلقہ سے دوبارہ پارٹی ٹکٹ دیئے جانے کی یقین دہانی کے خلاف ماڈل ٹاوٴن میں پارٹی سیکریٹریٹ کے باہر مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ رانا مشہود نے اس حلقہ کے کارکنوں کو یکسر نظرانداز کیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پارٹی قیادت پی پی ایک سو انچاس سے رانا مشہود کے بجائے کسی مخلص کارکن کو ٹکٹ دے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.