3 اپریل 2013
وقت اشاعت: 12:8
فیصل آباد: انڈسٹریز و سی این جی اسٹیشنز کو گیس کی فراہمی معطل
آج نیوز - زم زمہ گیس فیلڈ میں پائپ لائن کی مرمت کا کام تیسرے روز بھی مکمل نہ ہوسکا،جس کے باعث فیصل آباد ریجن کی انڈسٹریز اور سی این جی اسٹیشنز کو گیس کی فراہمی معطل ہے۔ فیصل آباد کی صنعتوں اور سی این جی اسٹیشنز کو پانچ دن کی ہفتہ وار بندش کے بعد سوموار کی صبح چھ بجے گیس کی فراہمی بحال ہونا تھی کہ زم زمہ گیس فیلڈ میں گیس پائپ لائن دھماکے سے پھٹنے کے نتیجے میں ابھی تک گیس کی فراہمی بحال نہیں ہوسکی۔ سوئی ناردرن گیس کمپنی ذرائع کے مطابق پائپ لائن کی مرمت کا کام جاری ہے، گیس کی عدم دستیابی کے باعث ایک طرف تو سینکڑوں کارخانے بند ہیں اور مزدوروں کی کثیر تعداد بیروزگار ہے تو دوسری جانب سی این جی اسٹیشنز نہ کھلنے کی وجہ سے مالکان اور صارفین پریشانی کا شکار ہیں۔