تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
3 اپریل 2013
وقت اشاعت: 12:28

مایہ ناز گلورکارہ نازیہ حسن کی 48 ویں سالگرہ

آج نیوز - برصغیر میں پاپ میوزک کو فروغ دینے والی پاکستانی گلوکارہ نازیہ حسن کی اڑتالیسویں سالگرہ آج منائی جارہی ہے۔ تین اپریل انیس سو پینسٹھ کو کراچی میں پیدا ہونے والی ننھی سی گڑیا کے بارے میں کسی کو گمان نہیں تھا کہ وہ آگے چل کر اپنا اور ملک کا نام روشن کرے گی۔ نازیہ حسن نے ستر کی دہائی میں ٹی وی پر بطور چائلڈ آرٹسٹ گلوکاری کا آغاز کیا اور انیس سو اسی میں مشہور گانا ''آپ جیسا کوئی میری زندگی میں آئے'' گا کر راتوں رات عالمی شہرت حاصل کی۔ یہ گانا بھارتی فلم قربانی میں شامل کیا گیا اور دنیا بھر میں اس کے ساٹھ ملین سے زائد البم فروخت ہوئے۔ بھائی زوہیب حسن کے ساتھ بنائے گئے ان کے پہلے پاپ میوزک البم ''ڈسکو دیوانے'' نے بھارت اور پاکستان میں فروخت کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے۔ اس دوران ان کے گانے ویسٹ انڈیز، لاطینی امریکا، برطانیہ اور روس کے میوزک چارٹس میں بھی سرفہرست رہے۔ انیس سو چوراسی میں ان کے میوزک البم ''ینگ ترنگ'' نے پاکستان میں گانوں کے ساتھ ویڈیو کا کلچر متعارف کرایا۔ اس البم کی چالیس ملین سے زائد کاپیاں فروخت ہوئیں۔ انیس سو ستانوے میں ان کی شادی مرزا اشتیاق بیگ سے ہوئی جو ناکام رہی اور چار اگست دو ہزار کو ان کی طلاق ہوگئی۔ کینسر کے مرض میں مبتلا باصلاحیت گلوکارہ طلاق کے صرف نو دن بعد یعنی تیرہ اگست دو ہزار کو ایک بیٹے اور لاکھوں مداحوں کو سوگوار چھوڑ گئی۔ دوہزار دو میں بعد از وفات نازیہ حسن کے لئے حکومت پاکستان کی جانب سے ملک کا سب سے بڑا اعزاز پرائڈ آف پرفارمنس ان کی والدہ منیزہ نے وصول کیا۔ جبکہ دو ہزار تین میں ان کی یاد میں نازیہ حسن فاوٴنڈیشن قائم کی گئی۔ نازیہ حسن کی صلاحیتوں کے اعتراف میں انہیں فلم فیئر، پلاٹینیم، ڈبل پلاٹینیم اور گولڈن ڈسکس ایوارڈز سے بھی نوازا گیا۔ ان کی وفات کے بعد احمد حسیب نے ان کی زندگی پر ''آ میوزک فیئری'' کے نام سے دستاویزی فلم بنائی۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.