4 اپریل 2013
وقت اشاعت: 7:48
ملک میں مختلف علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے
آج نیوز - اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، لاہور سمیت ملک کے متعدد شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے، لوگ خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے۔ اطلاعات کے مطابق ملک کے جن علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں ان میں اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، لاہور، خوشاب، چترال، مالاکنڈ ڈویژن سوات اور اس کے گرد و نواح کے علاقے اور آزاد کشمیر شامل ہیں جبکہ مری اور اس کے نواحی علاقوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔ زلزلے کے جھٹکے تقریباً بیس سے تیس سیکنڈ تک محسوس کئے گئے۔ زلزلے کے باعث علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ گھروں، دفتروں ، کارخانوں اور دکانوں سے باہر نکل کر کھلے علاقے میں آگئے۔ زلزلے کے باعث پشاور میں تین افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں تاہم اب تک کسی بڑے حادثے کی اطلاع نہیں ملی۔