4 اپریل 2013
وقت اشاعت: 11:39
بجلی بحران: دیگر سیکٹرز کی گیس پاور سیکٹر کو منتقل کرنے پر غور
آج نیوز - موسم گرما میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ پر قابو پانے کے لئے دیگر سیکٹرز کی چالیس ایم ایم سی ایف ڈی گیس پاور سیکٹر کومنتقل کی جائے گی۔ وزارت پیٹرولیم و قدرتی وسائل کے حکام کے مطابق ملک کو شدید توانائی کے بحران کا سامنا ہے، ساتھ ہی پاور پروڈیوسز کو فرنس آئل کی بلاتعطل فراہمی جاری رکھنے کے لئے فنڈز بھی موجود نہیں ہیں، ایسے میں آئندہ مہینوں میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ پر قابوپانے کے لئے حکومت دیگر سیکٹرز کی چالیس ایم ایم سی ایف ڈی گیس پاور سیکٹر کو فراہم کرنے پرغور کر رہی ہے۔ جبکہ بلوچستان میں آئے دن شدت پسندوں کی جانب سے گیس پائپ لائنیں اڑانے کی وجہ سے پاور سیکٹر کو اضافی گیس کی سپلائی شروع نہیں کی جاسکی ہے۔ ذرائع کے مطابق ایس ایس جی سی کیپٹیو پاور پلانٹس کو چار سو انتیس ایم ایم سی ایف ڈی گیس فراہم کر رہی ہے۔ جس سے تیرہ سو میگاواٹ بجلی پیدا ہوتی ہے ، جو موثر کارکردگی سے کہیں کم ہے۔ جبکہ ایفیشیئنٹ پاور پلانٹس کو چار سو تیس ایم ایم سی ایف ڈی گیس کی فراہمی سے چھبیس سو میگاواٹ بجلی حاصل کی جاسکتی ہے۔ جس سے لوڈ شیڈنگ میں با آسانی ایک سے دو گھنٹے کمی کی جاسکتی ہے۔