4 اپریل 2013
وقت اشاعت: 14:58
جعلی ڈگری کیس: سابق ایم این اے سلمان محسن اشتہاری قرار
آج نیوز - جعلی ڈگری کیس میں مسلم لیگ نون کے سابق ایم این اے سلمان محسن گیلانی اشتہاری قرار دے دیئے گئے۔ جمشید دستی نا اہل قرار،کمرہ عدالت سے گرفتار کرلیا گیا شیخ وقاص اکرم کی سند بھی جعلی نکلی۔سید عاقل شاہ کو بھی جیل بھیج دیا گیا ۔ پاک پتن میں عدالت نے مسلم لیگ نون کے سابق ایم این اے سلمان محسن گیلانی کو اشتہاری قرار دیدیا،عدالت کی جانب سے حکم جاری کیا گیا کہ سلمان محسن گیلانی کے ضمانت کیلئے جمع کرائے گئے مچلکے کی جائیداد ضبط کرلی جائے۔ڈیرہ غازی خان میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے جعلی ڈگری کیس کی سماعت کے دوران میر بادشاہ خان قیصرانی کے حاضر نہ ہونے پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے مقدمہ کی سماعت کل تک ملتوی کردی،بھکر میں عدالت نے جعلی ڈگری کیس میں رشید اکبر نوانی اور سعید اکبر نوانی کے گزشتہ روز وارنٹ گرفتاری جاری کئے تھے،جس پر دونوں نے ایک ایک لاکھ روپے کے مچلکوں پر ضمانت قبل ازگرفتاری کروالی۔سرگودھا میں عدالت نے مسلم لیگ ن کیجاوید حسنین شاہ کیخلاف کیس کی سماعت کل تک ملتوی کردی مظفر گڑھ میں عدالت نے جعلی ڈگری کیس میں سابق رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کو نا اہل قرار دیتے ہوئے تین برس قید اور پانچ ہزار روپے جرمانے کی سزا سنا دی جس کے بعد جمشید دستی کو کمرہ عدالت سے ہی گرفتار کرلیا گیا۔سزا سن کر جمشید دستی اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور بھری عدالت میں رو پڑے۔دوسری جانب انٹر بورڈ کمیٹی نے سابق وفاقی وزیر اور ق لیگ چھوڑ کر ن لیگ میں شامل ہونے والے شیخ وقاص اکرم کی تعلیمی اسناد جعلی قراردے دی ہیں کیمبرج یونیورسٹی بھی شیخ وقاص اکرم کا اے لیول کا سرٹیفکیٹ جعلی قرار دے چکی ہے۔پشاور کی مقامی عدالت نے سابق صوبائی وزیرکھیل سید عاقل شاہ کی ڈگری جعلی قرار دیکر ایک سال قید اور تین ہزار روپے جرمانے کی سزا سنا دی جس کے بعد سید عاقل شاہ کو ہتھکڑیاں لگا کر سینٹرل جیل منتقل کردیا گیا۔