5 اپریل 2013
وقت اشاعت: 13:49
ریٹرننگ افسر امیدواروں کا جمہوری حق روک رہے ہیں، الطاف حسین
آج نیوز - متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کا کہناہے کہ آئین کے آرٹیکل باسٹھ اور تریسٹھ کے تحت امیدوار کے کاغذات مسترد نہیں کئے جا سکتے، ریٹرننگ افسران اراکین کا جمہوری حق روک رہے ہیں، ایسا ماحول بنایا جا رہا ہے کہ وہ سپریم ہیں، غیر مناسب سوالات کر کے امیدواروں کی تضحیک اور تذلیل کی جا رہی ہے۔ لندن سے ٹیلی فونک نیوز کانفرنس کرتے ہوئے الطاف حسین کا کہنا تھا کہ ریٹرننگ افسران تضحیک آمیز سوالات کر رہے ہیں، ریٹرننگ افسران کے سوالات پر لوگوں کو سخت تحفظات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک امیدوار کے کاغذات اس لئے مسترد کر دیئے گئے کہ اس نے نظریہ پاکستان پر کالم لکھا، نظریہ پاکستان پر کالم کسی کے لئے تنقیدی ہو سکتا ہے اور کسی کے لئے نہیں، چاہتا ہوں کہ پارلیمنٹ اور سپریم کورٹ نظریہ پاکستان کی وضاحت کر دیں۔ قائد ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ پوری دنیا کی نظریں پاکستان کے عام انتخابات پر لگی ہوئی ہیں، انتخابات میں چند ہفتے رہ گئے مگر بھرپور گہما گہمی نظر نہیں آرہی، شکوک و شہبات پیدا ہو رہے ہیں کہ انتخابات وقت پر ہوں گے بھی یا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل باسٹھ اور تریسٹھ کے تحت امیدوار کے کاغذات مسترد نہیں کئے جا سکتے، ہر مسلمان کا ایمان ہے کہ اصل حاکمیت اللہ تعالیٰ کی ہے۔