5 اپریل 2013
وقت اشاعت: 17:58
سابق وزیراعلی سندھ کے کاغذات نامزدگی روک دیئے
آج نیوز - خیرپور میں پی ایس انتیس کے لئے سابق وزیراعلٰی سندھ سید قائم علی شاہ کے کاغذا ت نامزدگی روک دیئے گئے۔ سابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کے کاغذات ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر منظور انصاری کے اعتراض پر روکے گئے ہیں۔ منظور انصاری نے اعتراض کیا ہے کہ سابق وزیراعلٰی سندھ نے اپنے دور اقتدار میں ترقیاتی کاموں کے ٹھیکے منظور نظر افراد کو دیئے، قائم علی شاہ نے اپنے دور میں اپنے بیٹے سید لیاقت علی شاہ کو ای ڈی او ہیلتھ تعینات کیا، قائم علی شاہ نے اپنے بیٹے کو بعد میں غلام محمد مہر میڈیکل کالج میں پرنسپل رکھوایا۔ سید لیاقت علی شاہ کے خلاف نیب میں بھی مقدمات میں زیر سماعت ہیں۔ منظور انصاری نے مزید اعتراض لگایا کہ سید قائم علی شاہ نے اپنے ذاتی نوکر نیاز جانوری کو تعلقہ ایڈمنسٹریٹر بنادیا جو ابھی تک تعلقہ ایڈمنسٹریٹر خیرپور ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ خیرپور ڈسٹرکٹ میں چہ ارب روپے کے ترقیاتی کاموں میں بڑے پیمانے پر کرپشن کی گئی ہے۔ الیکشن کمیشن نے اعتراضات کو منظور کرتے ہوئے کل تک منظور انصاری کو ثبوت پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سید قائم علی شاہ کے کاغذات کل صبح دس بجے کاغذات روک دیئے گئے۔