6 اپریل 2013
وقت اشاعت: 9:0
ڈگری تصدیق کی ڈیڈلائن ختم، 56 اراکین کی ڈگریاں درست
آج نیوز - ڈگریوں کی تصدیق کیلئے دی گئی ڈیڈلائن ختم ہوگئی، ایچ ای سی نے چھپن اراکین کی ڈگریاں درست قرار دے دیں جبکہ چالیس اراکین نے ڈگریوں کی تصدیق کیلئے رابطہ ہی نہیں کیا، چیئرمین ایچ ای سی کہتے ہیں کہ ڈگریوں کی تصدیق کے بارے میں حتمی رپورٹ آج الیکشن کمیشن کو ارسال کردی جائے گی۔ جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب بارہ بجے، ڈیڈلائن ختم، ایچ ای سی نے ڈگریاں چیک کرانے والوں کیلئے دروازے بند کردیئے، چھپن ارکان کی ڈگریاں درست قرار دے دی گئیں۔ ان میں چوہدری نثار علی خان، جاوید ہاشمی، غلام بیبی بھروانا، پیر صدرالدین شاہ راشدی، مہرین انور راجہ اور خورشید بیگم شامل ہیں۔ سابق وفاقی وزیر فیصل صالح حیات، منظور وٹو، شمائلہ رانا، عطیہ عنایت اللہ، شہناز شیخ، عبدالرحیم مندوخیل، ثمینہ خالد گھرکی سمیت چالیس ارکان نے ڈگریوں کی تصدیق کیلئے ہائر ایجوکیشن کمیشن سے رابطہ ہی نہیں کیا، جن ارکان نے ڈگریوں کی تصدیق نہیں کرائی کیا وہ نااہل ہوگئے ہیں؟ اس سوال پر چیئرمین ایچ ای سی جاوید لغاری نے کہا کہ ایچ ای سی کا کام صرف ڈگریوں کی تصدیق ہے، نااہل قرار دینا الیکشن کمیشن کا کام ہے۔ ڈیڈلائن ختم ہونے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جاوید لغاری نے کہا کہ جن اراکین کے کوائف رات بارہ بجے سے پہلے موصول ہوئے ان کی ڈگریوں کی تصدیق کا کام جاری رہے گا، آج حتمی فہرست الیکشن کمیشن کو ارسال کردی جائے گی۔