8 اپریل 2013
وقت اشاعت: 20:23
رحیم یار خان:شہریوں کا لوڈشیڈنگ کیخلاف احتجاج
آج نیوز - رحیم یار خان اور گوجرانوالہ میں شہریوں نے طویل غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے پاور کمپنیوں کے دفاتر کا گھیراوٴ کر لیا، رحیم یار خان میں مشتعل مظاہرین پولیس کی موجودگی میں توڑ پھوڑ کر کے غصہ ٹھنڈا کرتے رہے۔رحیم یار خان میں اٹھارہ سے بیس گھنٹے کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے بیزار عوام سڑکوں پر نکل آئے۔سیکٹروں ڈنڈا بردار مظاہرین نیسٹی پل پر دھرنا دے کر ٹریفک بند کر دی اور واپڈا کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔جب اس سے بھی جی نہ بھرا تو مظاہرین نے میپکو آفس کا گھیراوٴ کر لیا اور پولیس کی موجودگی میں توڑ پھوڑ کر غصہ ٹھنڈا کرتے رہے۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ اٹھارہ بیس گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کے باوجود اضافی یونٹ ڈال کر بل بھیجے جا رہے ہیں جس سے ان کی زندگی اجیرن ہو کر رہ گئی ہے۔گوجرانوالہ میں بھی لوڈشیڈنگ کے مارے عوام سراپا احتجاج بن گئے اور گیپکو آفس کے باہر دھرنا دیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ پر قابو نہ پایا گیا تو احتجاج جاری رہے گا اور حکومتی مشینری کو جام کر دیا جائے گا۔