9 اپریل 2013
وقت اشاعت: 17:14
پنجاب:بجلی بحران،ہفتے میں 2چھٹیاں کرنیکا اعلان
آج نیوز - پنجاب حکومت نے لوڈشیڈنگ بحران پر مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس بلانے کا مطالبہ کرتے ہوئے ہفتے میں دو چھٹیاں کرنے کا اعلان کر دیا، نگران وزیراعلٰی نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ ملک بھر میں یکساں لوڈشیڈنگ ہونی چاہیئے، صوبے کے عوام کے حقوق کا تحفظ کریں گے۔ایوان وزیر اعلٰی لاہور میں نجم سیٹھی کی زیرصدارت پنجاب کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں صوبے بھر میں طویل غیر اعلاینہ لوڈ شیڈنگ پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ کابینہ نے توانائی بحران کے باعث ہفتہ وار دو تعطیلات کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ صورتحال پر قابو پانے کے لئے حالات فوری اقدامات کے متقاضی ہیں اور پنجاب حکومت بجلی کی بچت کے حوالے سے اہم اقدامات اٹھائے گی۔ کابینہ نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ پورے ملک میں یکساں لوڈشیڈنگ کی جائے۔ اجلاس میں کہا گیا کہ لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج کی آڑ میں کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور صوبے کے عوام کے حقوق کا تحفظ کیا جائے گا۔ نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ وہ لوڈ شیڈنگ بحران پر جلد نگران وزیراعظم سے ملاقات کریں گے۔