10 اپریل 2013
وقت اشاعت: 10:43
مراکش: میراتھن ڈیس سیبلز کا تیسرا مرحلہ عزیزال اکد کے نام
آج نیوز - مراکش کے صحارہ ڈیزرٹ میں ہونے والی میراتھن ڈیس سیبلز کا تیسرا مرحلہ عزیزال اکد نے جیت لیا لیکن محمد آہنسل نے تیسری پوزیشن حاصل کرتے ہوئے مجموعی برتری برقراررکھی۔ جبل ال اوطفل سے جبل موچان تک ریس کا تیسرا مرحلہ اڑتیس کلومیٹر پر محیط تھا۔ مراکش کے عزیز ال اکد نے تمام حریفوں کوپیچھے چھوڑتے ہوئے سب سے پہلے فنشنگ لائن عبورکی۔ انہوں نے مقررہ فاصلہ تین گھنٹے سترہ سیکنڈزمیں طے کیا۔ اردن کے سلمیال اقرا نے تین منٹ اٹھائیس سیکنڈز کے فرق سے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ مراکش کے محمد آہنسل نے تیسرے نمبر پر رہتے ہوئے نہ صرف اپنی مجموعی برتری برقراررکھی بلکہ اپنے آپ کو ریس کے طویل ترین چوتھے مرحلے کی لئے تھکاوٹ سے بھی بچالیا۔ آہنسل کی ال اکد کے خلاف مجموعی برتری اٹھارہ منٹ سے کم ہوکرتیرہ منٹ رہ گئی ہے۔ ویمنز ایونٹ اوورآل لیڈر فرانس کے لارنس کلین کے نام رہا۔ کلین نے مقررہ فاصلہ تین گھنٹے سینتالیس منٹ اور چھتیس سیکنڈز میں طے کیا۔ امریکہ کی میگان ہکس نے چوون منٹ چھ سیکنڈز بعد فنشنگ لائن عبور کر کے دوسری اور برطانیہ کی یوآنا میک نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔