11 اپریل 2013
وقت اشاعت: 7:49
سابق ایم این اے جمشید دستی کو رہا کر دیا گیا
آج نیوز - سابق ایم این اے جمشید دستی کو ملتان سینٹرل جیل سے رہا کر دیا گیا، کہتے ہیں کہ میرا مقابلہ وقت کے فرعونوں اور جاگیرداروں سے ہے، عدالت نے میرٹ پر فیصلہ دیا۔ ریٹرننگ آفیسر مظفر گڑھ نے سابق ایم این اے جمشید دستی کو جعلی ڈگری کیس میں تین سال قید اور پانچ ہزار روپے جرمانے کی سزا سناتے ہوئے این اے ایک سو ستتر اور ایک سو اٹھہتر سے ان کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیئے تھے۔ پولیس نے جمشید دستی کو گرفتار کر کے سینٹرل جیل ملتان منتقل کر دیا تھا۔ فیصلے کے خلاف جمشید دستی نے اپنے وکیل کے ذریعے لاہور ہائی کورٹ ملتان بنچ میں درخواست دائر کی تھی جس پر جسٹس عباد الرحمان اور جسٹس اعجاز الحسن پر مشتمل دو رکنی الیکشن ٹربیونل نے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے جمشید دستی کو رہا کرنے کا حکم دیا، جس کے بعد آج جمشید دستی کو سینٹرل جیل ملتان سے رہا کر دیا گیا ہے۔ جیل کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے جمشید دستی کا کہنا تھا کہ عدالت نے میرٹ پر فیصلہ کیا، عدلیہ نے انصاف کے سو فیصد تقاضے پورے کئے۔ ان کا کہنا تھا کہ میرا مقابلہ وقت کے فرعونوں اور جاگیرداروں سے ہے۔ دستی نے کہا کہ این اے ایک سو ستتر اور ایک سو اٹھہتر سے انتخابات میں حصہ لوں گا۔